بدلتے موسم میں خواتین کیسے ملبوسات استعمال کریں؟

Muhammad Dastagir 16 Feb, 2021 خواتین

ہماری خواتین موسم کے بدلتے ہی اپنے ملبوسات میں تبدیلی لے آتی ہیں۔ موسم بہار کے فوری بعد گرمیاں شروع ہو جاتی ہیں اس لئے گرمیوں کے پہناووں کی تیاریاں، سردیاں ختم ہوتے ہی شروع ہو جاتی ہیں۔ شلوار قمیض کے ساتھ ساتھ اب ایسے ملبوسات بھی پہنے جا رہے ہیں جو اگرچہ اجنبی دکھائی دیتے ہیں لیکن آرام دہ، سُبک اور کام کاج میں آسانیاں پیدا کرنے والے ہیں۔ اب پہناوا جگ بھاتا نہیں بلکہ من بھاتا ہے، پہننے والا اپنی سہولت اور آسودگی دیکھتا ہے۔گرمیوں کے موسم ہی میں رمضان المبارک کی آمد ہے۔ موسم کی سنگینی کے پیش نظر جس طرح پانی کا استعمال ضروری ہے، اسی طرح آرام دہ، ہوا دار اور ہلکے رنگوں والے ملبوسات کا استعمال بھی ضروری ہے۔ جن خواتین اور لڑکیوں نے کام کاج کی غرض سے بازار کے لئے نکلنا ہے ان کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایسے کپڑوں کو ترجیح دیں جو موسم کی سختی کا سامنا کر سکیں اور کسی قسم کے تردّد اور کوفت کا باعث نہ بنیں۔ ہر موسم کا اگرچہ اپنا رنگ اور مزاج ہے۔مگر گرمیوں کا موسم ایسا ہے کہ کپڑوں کے انتخاب میں تنوع مل جاتا ہے اور تنوع ہی سے نہ صرف ذات بہتری محسوس کرتی ہے ، بلکہ پورا ماحول دھنک رنگ ہو جاتا ہے۔ دھیمے رنگوں کے دلکش پہناوے ہر سو اپنی آن دکھاتے اور نگاہوں کو بھاتے ہیں۔ موسم کی حدت اور تپش کا احساس قدرے کم ہو جاتا ہے۔