قومی ہیروعلی سدپارہ کیلئے سول ایوارڈ کی سفارش کافیصلہ

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 سپورٹس

گلگت بلتستان کابینہ نے موسم سرما میں کے-ٹو کی چوٹی سرکرنے کی کوشش کے دوران جاں بحق ہونے والے کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے لیے وفاق سے سول ایوارڈ کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کابینہ اجلاس علی سدپارہ کے قومی خدمات کے ایک نکاتی ایجنڈے پر منعقد ہوا۔گلگت بلتستان کابینہ میں علی سد پارہ کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور وفاق سے سول ایوارڈ کے لیے سفارش کا فیصلہ بھی کیا گیا۔کابینہ اجلاس میں مرحوم کے خاندان کو 30 لاکھ روپے دینے کی بھی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں گلگت بلتستان کابینہ نے علی سد پارہ کے بیٹے ساجد سد پارہ کو محکمہ سیاحت میں ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔کابینہ میں انسٹیوٹ آف اسپورٹس اینڈ ماؤنٹینرنگ کا نام علی سدپارہ سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔علاوہ ازیں کوہ پیما محمد علی سدپارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے منعقدہ کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ محمد علی سدپارہ نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ محمد علی سدپارہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور کوہ پیمائی کو فروغ دینے اور کوہ پیماؤں کی فلاح و بہبود کے لیے پالیسیز بنائی جائیں گی۔خالد خورشید نے کہا کہ محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد علی سدپارہ کو کوہ پیمائی میں بین الاقوامی سطح کی تربیت کرائی جائے گی جس کے بعد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ فار ایڈونچر اسپورٹس، ماونٹئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ میں کوہ پیمائی کی تربیت دیں گے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ کوہ پیمائی سے وابسطہ ایسے تمام ہمارے گمنام ہیروز، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کا نام روشن کیا ان سب کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔