ایونٹ کےبڑے سکورکے باوجودملتان کوپشاورسے شکست

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 سپورٹس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے بلے بازوں کے خراب کھیل کی بدولت ملتان سلطانز کو ایونٹ کا بڑا سکور ترتیب دینے کے باوجود 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے چھٹے میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف جیمز وینس کی دلکش اننگز سمیت دیگر بلے بازوں کی شان دار کارکردگی کے باعث 4 وکٹوں پر رواں سیزن کا سب سے بڑا اسکور 193 رنز بنا لیا۔نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی تو پشاور زلمی کے محمد عمران کے پہلے اوور میں 6 رنز بنائے، جس کے بعد محمد عرفان باؤلنگ کے لیے آئے اور کرس لین کو حیدر علی کے ہاتھوں سلپ پر کیچ کروا دیا۔محمد عرفان نے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر کرس لین کی وکٹ حاصل کی۔محمد رضوان اور جیمز وینس نے اسکور آگے بڑھایا اور ساتویں اوور کی تیسری گیند پر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ملتان سلطانز کے کپتان اور جیمز وینس نے شراکت میں 56 گیندوں پر 82 رنز بنائے اور رضوان وقفے کے بعد عمران جونیئر کی پہلی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔جیمز وینس نے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور 39 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو پی ایس ایل میں ان کی مجموعی طور پر تیسری نصف سنچری ہے.