لاہورقلندرزاوراسلام آبادیونائیٹڈ نے افتتاحی میچ جیت لیے

Muhammad Dastagir 22 Feb, 2021 سپورٹس

کراچی:پی ایس ایل کے دوسرے دن لاہورقلندرزاوراسلام آبادیونائیٹڈ نے اپنے افتتاحی میچ جیت لیے۔لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی اور دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرلیے۔قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے روی بوپارا کی نصف سنچری کی بدولت پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 140 رنز بنا کر لاہور قلندرز کو مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز کا ہدف دے دیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔دریں اثناپی ایس ایل کے تیسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو لوئس گریگوری کی ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کی بدولت 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ 2021 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی 71 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس اسلام آباد کے شاداب خان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔