ناموراداکارشان کارواں برس اپنی فلم ”ضرار“ریلیزکرنے کااعلان

Muhammad Dastagir 01 Mar, 2021 شوبز

لاہور:ملک میں کووڈ 19 کیسز میں کمی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے چند روز قبل مختلف پابندیوں میں نرمی لانے کا اعلان کیا تھا۔ این سی او سی نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ 15 مارچ سے انڈور (بند مقامات پر) شادیوں کی تقریبات اور سینما اور مزارات کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ گزشتہ برس چند پاکستانی فلمیں رواں برس ریلیز کے لیے تیار تھیں مگر کورونا کے باعث سینما گھروں کو بند کیے جانے کی وجہ سے انہیں ریلیز نہیں کیا گیا اور جن فلموں کی شوٹنگ جاری تھی، ان کی شوٹنگ بھی کچھ وقت کے لیے روک دی گئی تھی۔اور اب این سی او سی نے 15 مارچ سے سینما کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کے بعد ملک میں پاکستانی فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔ این سی او سی کی جانب سے 25 جنوری کو مذکورہ بیان سامنے آیا تھا جس کے بعد حال ہی پاکستان کے نامور اداکار شان شاہد نے رواں برس اپنی فلم 'ضرار' ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ برس ریلیز نہیں ہوسکی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں شان شاہد نے کہا سینما کھلنے کے فیصلے کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے بڑی خبر قرار دیا۔اداکار نے مزید کہا کہ 'ہم 2020 میں فلم ضرار ریلیز کرنے کے لیے تیار تھے لیکن کورونا کی وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا'۔ شان شاہد نے کہا کہ اب انشااللہ 2021 میں 'ضرار' کو ریلیز کیا جائے گا۔ گزشتہ برس شان شاہد نے مداحوں کے لیے فلم کا ٹریلر یوم پاکستان کے موقع پر تحفے کے طور پر جاری کیا تھا۔ ٹریلر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ کورونا کے باعث گھروں میں رہیں اور اس ٹریلر سے محظوظ ہوں۔