سرجری یابچوں کاکھیل؟،امیتابھ آپریشن کے بعدگھرمنتقل

Muhammad Dastagir 01 Mar, 2021 شوبز

ممبئی:بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی آنکھوں کا آپریشن ہوگیا ہے اور وہ جلد ہی گھر منتقل ہوجائیں گے۔ خیال رہے کہ امیتابھ بچن نے گذشتہ روز اپنی صحت کے حوالے سے اپنے آفیشل بلاگ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔امیتابھ بچن نے اپنے آفیشل بلاگ ’بچن بول‘ پر لکھا تھا کہ ان کی طبیعت خراب ہے، اور ان کی سرجری ہونی ہے جس کے باعث وہ سوشل میڈیا پر مزید نہیں لکھ پائیں گے۔ 78 سالہ اداکار نے بیماری کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں کہ آخر انہیں کیا ہوا ہے اور ان کی کون سی سرجری ہونی ہے جس کے باعث مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اب ایک بھارتی ویب سائٹ نے امیتابھ بچن کے قریبی دوست کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کی آنکھوں میں موتیا آگیا تھا اور لیزر سرجری کے ذریعے ان کا موتیا کا آپریشن کرلیا گیا ہے اور وہ آئندہ 24 گھنٹوں میں گھرمنتقل ہوجائیں گے۔ امیتابھ بچن کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ کے لیے موتیا کا آپریشن بچوں کا کھیل ہے اور وہ اس سے قبل صحت کے حوالے سے انتہائی تشویش ناک صورتحال کا سامنا بھی کرچکے ہیں۔