عمر شریف کیلئے ایئر ایمبولینس کا بندوبست،جلد امریکا روانہ ہونگے

urduwebnews 14 Sep, 2021 شوبز

کراچی(اردو ویب نیوز)لیجنڈری اداکار، کامیڈین و میزبان عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت کے خصوصی اقدامات کی وجہ سے ان کے ویزے اور سندھ حکومت کی مہربانیوں سے ایئرایمبولینس کے انتظامات ہو چکے۔ عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کچھ دن قبل عمر شریف نے ہسپتال کے بسترے سے حکومت سے ویزا جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب ان کی اہلیہ اداکارہ زرین غزل نے تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت نے عمر شریف اور اہل خانہ کے دیگر افراد کے ویزے کے انتظامات مکمل کرلیے اور انہیں ایک روز کے اندر ویزے ملنے کا امکان ہے۔ زرین غزل نے ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت نے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کرلیا۔ اداکار کی اہلیہ کے مطابق ایئر ایمبولینس کے تمام اخراجات اور انتظامات سندھ حکومت دیکھے گی جب کہ ویزے جلد جاری کرنے میں وفاقی حکومت کا کردار ہے۔