نینوجنریٹر : اب چہل قدمی سے بجلی تیار کریں

malik shahid 25 Feb, 2021 سائنس وٹیکنالوجی

تصور کریں کہ آپ کا اٹھنے والا ہرقدم آپ کے لئے بجلی پیداکررہاہے۔ مستقبل میں آپ کے جوتے کے تلوے میں ایک ننھاسابجلی گھرنصب ہوگاجوآپ کے لئے مسلسل بجلی پیدا کرتارہے گا۔ اس بجلی سے نہ صرف آپ اپنے موبائل فون کو ری چارج کرسکیں گے بلکہ اگر مریض کے جسم میں کوئی ایسامصنوعی عضوپیوندکیاگیاہو، جس کے لئے توانائی کی ضرورت ہو، تواس کی توانائی کی یہ ضرورت بھی پوری کی جا سکے گی۔ مستقبل کے اس ننھے بجلی گھرکو”نینوجنریٹر“کا نام دیاگیاہے۔ یہ جنریٹر داب برقی مادوں(پیزو الیکٹرک مٹیریلز)کے ذریعے حرکی توانائی کو برقی توانائی میں تبدیل کرسکیں گے۔ اس مقصد کے لئے اب تک زنک آکسائیڈکوسب سے بہترین داب برقی اثر کا حامل دیکھاگیاہے۔ زنک آکسائیڈکی تاریں، جو محض چندنینومیٹر پتلی ہوتی ہیں، ایک مکعب سےنٹی میٹرکے رقبے میں 200ملی واٹ کرنٹ پیداکرسکتی ہیں۔ فی الحال یہ آلات اتنے چھوٹے ہیں کہ یہ محض نینوواٹ پیمانے پرہی بجلی پیدا کرسکتے ہیں لیکن ماہرین پرامید ہیں کہ آئندہ چندسال میں ان آلات کے ذریعے ملی واٹ پیمانے پر بجلی پیدا کی جاسکے گی۔