ہوٹلوں کے کمروں میں چھپے کیمروں کو تلاش کرنے کا طریقہ

malik shahid 08 Sep, 2021 سائنس وٹیکنالوجی

اس با ت سے تو ہم سب ہی واقف ہیں کہ ہوٹل کے کمروں یا کرائے کے گھروں میں خفیہ کیمروں کے ذریعے لوگوں کی ویڈیوز بنائے جانے کے واقعات تواتر کے ساتھ رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ اب ماہرین نے کسی بھی جگہ پر خفیہ کیمرے کی موجودگی کا پتہ چلانے کےلئے آسان طریقہ بتا دیاہے۔ ہوٹلوں کے کمروں میں ٹھہرنے سے قبل یہ جان لیں کہ کہیں خفیہ کیمروں سے آپ کی ریکارڈنگ تو نہیں کی جا رہی۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھرمیں ویڈیو شئیرنگ کیلئے استعمال کی جانے والی مقبول ترین ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر خود کو سابق ہیکر کہنے والے مارکس نامی شخص نے ہوٹل کے کمروں میں موجود خفیہ کیمرے کو تلاش کرنے کا ایک آسان طریقہ بتا دیا ہے جس پر عمل کرکے آپ ہوٹل میں قیام کے دوران خود کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ مارکس نامی ٹک ٹاکر نے بتایا کہ آئندہ آپ جب کبھی ہوٹل کے کمرے یا کرائے کے گھر میں جائیں تو ایک فلیش لائٹ لے کر پورے کمرے اور اس میں پڑی مختلف چیزوں کا بغور جائزہ لیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس جگہ خفیہ کیمرا چھپایا گیا ہو گا، وہاں فلیش لائٹ پڑنے سے کیمرا چمک اٹھے گا اوراس سے نیلے رنگ کی روشنی آپ کو نظر آ ئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیمرے کے لینز روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ جب ان پر روشنی پڑتی ہے تو منعکس ہو کرآنے والی نیلی روشنی آپ کو نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیڈ کے ساتھ ٹیبل پر موجود ڈیجیٹل گھڑی میں خفیہ کیمرہ نصب ہو سکتا ہے لہذا فلیش لائٹ کی مدد سے آپ اسے تلاش کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بستر کے اوپر موجود فائر الارم میں بھی خفیہ کیمرہ چھپایا جا سکتا ہے جب کہ روشن دانوں اور کھڑکیوں میں بھی یہ اکثر چھپایا جاتا ہے۔ مارکس نامی ٹک ٹاکر نے بتایا کہ خفیہ کیمرا تلاش کرنے کا ایک طریقہ اور بھی ہے، جس میں اپنے موبائل فون کے کیمرے کا استعمال کریں ۔ کمرے کی بتیاں بند کرکے اندھیرا کریں اور پھر موبائل فون کے کیمرے سے پورے کمرے کو سکین کریں۔ اپنے فون کو گھماتے جائیں اور اس کی سکرین میں دیکھتے جائیں۔ جس جگہ خفیہ کیمرا موجود ہو گا وہاں آپ کے فون کی سکرین پر روشنی کا ایک دھبہ نمودار ہو جائے گا۔