ڈی ایس ریلوے سکھرکاخان پورسٹیشن کادورہ،سٹیشن ماسٹرکی کارکردگی پرعدم اطمینان

Muhammad Dastagir 05 Mar, 2021 علاقائی

رحیم یارخان (نعیم بشیر چوہدری سے) پاکستان ریلوے سکھر کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ میاں طارق لطیف نے خان پور سٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مسافروں کو دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شہریوں نے ڈی ایس سے ریلوے سے سٹیشن پر واش رومز نہ ہونے کے باعث مسافروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ خان پور سٹیشن پر جلد واش رومز تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس محدود وسائل ہیں جس کی وجہ سے کچھ کام عرصہ دراز سے رکے ہوئے ہیں اس سلسلے میں شہر کے مخیر حضرات خان پور اسٹیشن پر مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تعاون کریں۔ ڈی ایس سکھر نے سٹیشن ماسٹر محمد ستار بلوچ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے معاملات درست کرنے کی وارننگ بھی دی۔ بعدازاں انہوں نے آئی او ڈبلیو خان پور مقصودڈاہر سے خان پور میں ریلوے کی دکانیں اور کوارٹرز لیزپر لینے والوں کی فہرست طلب کی۔ انہوں نے سٹیشن کے سامنے واقع لاکھوں روپے کے نادہندہ ہوٹل اور دکان مالکان کیخلاف موقع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کرواتے ہوئے ایس ایچ او ریلوے خان پور اسلم خان کو نادہندگان کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم دیا۔اس موقع پر صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے اعظم سواتی کی ہدایت کے مطابق سکھرڈویژن میں ریلوے کی زمینوں پر قبضوں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے ۔