پنجاب کلچر ڈے 14 مارچ کو جوش و خروش سے منایا جائے گا

Muhammad Dastagir 05 Mar, 2021 علاقائی

بہاولپور(سکندراعظم سے )ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینشن فیصل عطا خان نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں پنجاب کلچر ڈے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کلچر ڈے 14 مارچ کو سرکاری سطح پر جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا جس میں خطہ کی ثقافت کے تمام رنگوں کو متعلقہ اداروں کی شرکت سے مستحکم کیا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب کلچر ڈے کی تقریبات کو حتمی شکل دینے اور ان کے انعقاد کوزیادہ مؤثر اور جاندار بنانے کے لیے ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ابراہیم، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر حمید، ڈائریکٹر میڈیا اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور شہزاد احمد خالد،ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر سمیرا ربانی،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید، ڈپٹی ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل عکاشہ رسول، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سے ڈاکٹر شہزاد، سی ای او بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، سنٹرل لائبریری، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی سے رجسٹرار، جنرل منیجرپنجاب ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورونوشابہ ملک، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن چوہدری محمد شفیق، ٹیوٹا بہاول پور کے سربراہان و افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 مارچ کو ٹی ڈی سی پی کی ڈبل ڈیکر بس پورے شہر پرفارمنگ آرٹ کو نمایاں کرنے کے لیے چلائی جائے گی۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لیے مزید اقدامات کرے گی جبکہ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ محکمہ سپورٹس وثقافت کے فروغ کے لیے روایتی کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کرائے گا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اس دن کی مناسبت سے شہر میں بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کرے گا اور رات کو چراغاں کے علاوہ محفل موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا جس میں لوک فنکار روایتی سازوں ہر اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔ یہ تمام پروگرام بہاول کلب میں منعقد کیے جائیں گے جہاں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور سر صادق ویمن یونیورسٹی کی جانب سے بھی ثقافتی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ اس موقع پر مقامی دستکاریوں اور روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی اس کلچر ڈے کا حصہ ہوں گے۔ ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے اس موقع پر شرکاء کو پنجاب کلچر ڈے کے حوالہ سے بریفنگ دی