چولستان میں لائیوسٹاک ڈسپنسریاں اپ گریڈکرینگے:صوبائی سیکرٹری

Muhammad Dastagir 04 Mar, 2021 علاقائی

بہاولپور(سکندراعظم سے)سیکرٹری لائیوسٹاک جنوبی پنجاب آفتاب احمد پیرزادہ نے کہا ہے کہ محکمہ چولستان لائیوسٹاک اپنے قیام سے ہی صحرائے چولستان کے طول و عرض میں اپنی ٹیم کے ہمراہ چولستانیوں اور ان کے لاکھوں جانوروں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجہ کے لیے اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق مصروف عمل ہے۔ وہ چولستان کے علاقہ موج گڑھ میں قائم لائیوسٹاک فارم میں منعقدہ کھلی کچہری میں چولستانیوں سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ موبائل ڈسپنسریوں کی اپ گریڈیشن اور ادویات کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو استدعا کی گئی ہے۔ فنڈز کی فراہمی سے لائیوسٹاک کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ چولستان میں بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم جاری ہے اور اس شجر کاری مہم کے تحت چولستان کے علاقوں نور سر،چاپو،موج گڑھ،مٹاں والی،جام گڑھ سمیت تمام چولستان میں قائم تمام ویٹرنری ڈسپنریوں میں اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 32 ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں۔ڈائریکٹرچولستان لائیوسٹاک ڈائریکٹویٹ ڈاکٹر علی رضا عباسی نے کہا کہ چولستان بھر میں لائیوسٹاک کی 4 ڈسپنسریاں،12 موبائل ڈسپنسریوں میں 9 ویٹرنری ڈاکٹرز،22 ویٹرنری اسٹنٹ اور75 ویکسی نیٹرز چولستانی جانوروں کا علاج معالجہ اور ویکسی نیشن کا عمل مربوط حکمت عملی کے تحت جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب تک منہ کھر کی بیماری کے لیے 5 لاکھ بڑے جانوروں کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔ اسی طرح 8 لاکھ بھیڑ بکریوں کو پی پی ایل اور 9 لاکھ جانوروں کی ڈیورمنگ کی جا چکی ہے اور خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔