بہاول پورمیں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کاآخری مرحلہ،فن کابھرپورمظاہرہ

Muhammad Dastagir 03 Mar, 2021 علاقائی

بہاول پور(سکندراعظم سے)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے زیر اہتمام پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2020-21 ء کے پہلے مرحلے کا تیسرا اور آخری پروگرام رشیدیہ آڈیٹوریم بہاولپور آرٹس کونسل میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلع بھر کے 15 تا 35 سال کی عمر کے 160سے زائد مرد و خواتین و طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا اس موقع پرگائیکی، آلات موسیقی ، شاعری ، کہانی نویسی ، اور مصوری کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں شرکاء نے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد حاصل کی۔ رکن سنڈیکیٹ اسلامیہ یونیورسٹی و رہنما پاکستان تحریک انصاف ویمن ونگ سمیرا ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے تحت یہ مقابلے نوجوانوں کی شخصیت سازی اور ذہنی آبیاری میں ممد و معاون ثابت ہونگے۔ ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے کہا کہ پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں مقامی سطح پر باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے ہنر و فن کے اظہار کے ذریعے خود کو ایک نئی پہچان دینے کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ ان مقابلہ جات میں منصفین میں محمد افضل جہانگیر ، غلام حسین ، فرجاد فیض ، جمیل پروانہ ، ڈاکٹر نواز کاوش ، عاجز توال ، عاصمہ نذر ، سجاد پرویز اور سہیل احمد شامل تھے۔ نتائج کے مطابق مقابلہ گائیکی میں جمشید علی نے اول ، عدنان علی نے دوم اور سہل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ آلات گائیکی میں مجاہد علی ، وقار علی اور جمیل حسین نے بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ شاعری میں سید عمار زیدی اول ، محمد ذوالقرنین جواد دوسری اور وردا اسلم تیسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔ کہانی نویسی سے متعلقہ مقابلہ میں محمد ذوالقرنین جواد نے پہلی جبکہ فضاء یوسف دوسری اور مزمل نصیر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ مصوری کے نتائج کے مطابق رابعہ صدیق اول ، جاوید اقبال دوم اور ندیم گل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی اور مہمان اعزاز سمیرا ملک، صدر ڈسٹرکٹ بار بہاولپور اختر عباسی، عابد رضوی ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ، ڈپٹی ڈائریکٹر عکاشہ رسول، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہ جبین طاھر نے تمام مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 10 ہزار ، 7 ہزار اور 5 ہزار روپے کے چیک دئیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ دیگرشرکاء میں اسناد تقسم کی گئیں۔ اس موقع پر مقابلہ میں شرکت کرنے والے نوجوانوں نے فنون لطیفہ کو اجاگر کرنے کے اقدامات اور بہاولپور آرٹس کونسل کے تعاون اور بہترین ماحول فراہم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایکشن اگینسٹ پاورٹی سرفراز کلیمنٹ، پروگرام کوآرڈینٹر ایکشن اگینسٹ پاورٹی شہزار گِل، علی اسد، ملک مقبول ایڈووکیٹ، ملک خالد اعوان، شیخ ذیشان، دیوانہ بلوچ و دیگر عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پنجاب حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض راحل ایمان نے سرانجام دیئے۔