بہاول پور، مینگو آرچرڈ پارک کی آرائش جلد مکمل کرنے کی ہدایت

Muhammad Dastagir 03 Mar, 2021 علاقائی

بہاول پور(سکندراعظم سے) کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نےکہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ڈویژن بھر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ترجیحات کی روشنی میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لئے وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگو آرچرڈ پارک بہاول پور میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ایچ اے کے افسران و ملازمین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مینگو آرچرڈ پارک کی تزئین و آرائش جلد مکمل کر کے عوام کو بہترین تفریح گاہ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ پودے لگا کر ان کی آبیاری اور نگہداشت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔نیز مینگو آرچرڈ پارک میں خوبصورت فلاور بیڈ، فوڈ کورٹ، بچوں کے لیے جھولے اور دیگر تفریحی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مینگو آرچرڈ پارک میں اربن شجرکاری کی جدید تکنیک ''میاواکی'' کو اپنا کر کم جگہ پر زیادہ شجر کاری کی جائے گی۔ چیئرپرسن پی ایچ اے شہلا احسان نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال شجرکاری مہم میں پی ایچ اے کی جانب سے11ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں ۔ اس حوالہ سے مینگو آرچرڈ پارک کی تعمیر و تزئین کے لیے 6کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے سمیرا ربانی نے پراجیکٹ کی ضروری تفصیلات بارے بریفنگ دی ۔