جلال پورمیں صاف پانی منصوبہ شروع کرنے کاٹاسک

Muhammad Dastagir 03 Mar, 2021 علاقائی

ملتان(نمائندہ اردونیوز )کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نےکہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈویژنل ترقیاتی سکیموں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران ترقیاتی سکیمیں وقت پر مکمل کر کے حکومتی پالیسی کے ثمرات عوام تک پہنچائیں۔سکیموں کی کوالٹی میں سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے پبلک ہیلتھ کو جلالپور پیر والہ میں پینے کے صاف پانی کی سکیم بنانے کا بھی ٹاسک دیا۔اس موقع پر کمشنر ملتان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی سکیموں کی 7 ارب سے زائد کی 340 سکیمیں جاری ہیں۔5.6 بلین روپے کی لاگت سے 71فیصد سکیمیں مکمل کی جاچکی ہیں۔ ڈویژن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز 2 کی 2 ارب 10 کروڑ کی 249 سکیمیں جاری ہیں۔ڈویژن بھر میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیز2 میں مسابقتی بولی کے باعث 17 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ بچت کی مد میں ڈویژن بھر سے سکیمیں طلب کرلی گئی ہیں۔پائیدار ترقیاتی اہداف فیز 1 میں 979 ملین روپے کی 93 سکیمیں شامل ہیں جن میں76 مکمل کی جاچکی ہیں۔پائیدار ترقیاتی اہداف فیز 2 میں 1143 ملین کی 138 سکیمیں شامل ہیں جس میں 93 سکیمز مکمل کی جاچکی ہیں۔پائیدار ترقیاتی اہداف فیز 3 میں 1104 ملین روپے کی 131 سکیمیں شامل ہیں جن میں 88 سکیموں کو ورک ایواڈ جاری کردیا گیا ہے۔سپیشل ترقیاتی پیکج ملتان ڈویژن میں 1100 ملین روپے کی 99 سکیمیں شامل ہیں اور 37 سکیموں کے ٹینڈرز جاری کردئیے گئے ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، ڈی جی ایم ڈی اے آغا علی عباس، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ، ترقیاتی محکموں کے افسران، ویڈیو لنک پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔