جنوبی پنجاب،پولیس کووارداتیں روکنے کاحکم

Muhammad Dastagir 03 Mar, 2021 علاقائی

ملتان (سہیل قریشی سے)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن(ر)ظفر اقبال اعوان نے ضلعی پولیس سربراہان کو وارداتوں اور سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے تعاون سے حساس مقامات اورمارکیٹس میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور موثر گشت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ڈی پی او وہاڑی زاہد نواز مروت اور اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے سرحدی علاقوں اور بارڈرز سمیت شہروں کے داخلی راستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مشترکہ سکریننگ نظام وضح کیا جارہا ہے تاکہ سمگلنگ سمیت بین الاضلاعی گینگز کی نقل و حرکت کو روکا جاسکے۔ پولیس افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کی کوشش کریں تاکہ محکمے کا امیج اجاگر کیا جاسکے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے انفارمیشن سسٹم بھی تشکیل دیا جاسکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے کیلئے اشتہاریوں اور عادی مجرموں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔