سائبر سکاؤٹس کی بم ڈسپوزل، خود کش حملوں سے بچاؤ کی تربیت

Muhammad Dastagir 02 Mar, 2021 علاقائی

بہاولپور(سکندراعظم سے)سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سائبر سکیورٹی آف پاکستان کے سائبر سکاؤٹس کی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس میں انہیں بم ڈسپوزل، خود کش حملوں سے بچاؤ اورفائر سیفٹی کی تربیت دی گئی۔اس ٹریننگ کا مقصد سائبر سکاؤٹس میں دفاع کے شعور کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں رضا کارانہ طور پر تیار کرنا تھا تاکہ وہ قدرتی آفت زلزلہ، سیلاب، طوفان یا انسان کی پیدا کردہ آفات جیسے خود کش حملے، بم دھماکے، آگ، دہشتگردی اور صنعتی حادثات وغیرہ کی صورت میں اپنی مدد آپ کرنے کے قابل ہو سکیں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل وارڈن ملک ظفر نے سول ڈیفنس ادارے کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ عام شہریوں کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری دفاع کی تربیت ہر پاکستانی کے لیے لازم ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے بطریق احسن نبرد آزما ہو سکے۔ بم ڈسپوزل کمانڈر محمد اقبال نے بم کی اقسام، خود کش حملوں کی اقسام ان کی پہچان و احتیاطی تدابیر بتائیں۔ انہوں نے خود کش حملوں میں استعمال ہونے والی جیکٹس اور بم کی تفصیلات بھی بتائیں تا کہ سائبر سکاؤٹس مشکوک صورتحال کا اندازہ ہوتے ہی اس کی اطلا ع سول ڈیفینس ڈیپارٹمنٹ کو کر سکیں۔ سول ڈیفینس انسٹرکٹر محمد عدنان نے فائر سیفٹی کی ٹریننگ دی ۔