رحیم یارخان میں سبزی،فروٹ ریڑھیوں کی رجسٹریشن شروع

Muhammad Dastagir 01 Mar, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیر چوہدری سے)ضلعی انتظامیہ نے اشیاء روز مرہ سبزی و فروٹ فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں اور خریدار ی کے لئے آنے والے شہریوں کو خوبصور ت و صاف ستھرا ماحو ل فراہم کر نے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا ۔ ابتدائی طور پر ضلع کی چاروں تحصیلوں میں ریڑھی بانوں کی رجسٹر یشن کرتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت میونسپل کمیٹی ریڑھی بانوں کو مخصوص جگہ فراہم کرے گی جہاں ٹریفک بہاؤ کو متاثر کئے بغیر وہ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں اور خر یداری کے لئے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکومت پنجاب کے ویژن اور ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر)ظفر اقبال کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع بھر میں ریڑھی بانوں کو منظم کرنے کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کریں جس کے تحت ابتدائی مرحلہ میں شہری حدود میں مخصوص ایریا میں سبزی وپھل فروش ریڑھی بانوں کی ر جسٹر یشن کرتے ہوئے انہیں خوبصورت فرنٹ فراہم کیا جائے جس پر پھل و سبزیوں کے نقش و نگار سمیت رجسٹریشن نمبر‘ سبزی و پھلوں کے نرخ نمایاں طور پر آویزاں ہوں اور تمام ریڑھی بانوں کی حد بندی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں شہر ی حدود میں اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور مرحلہ وار اس کا دائر ہ کار وسیع کیا جائے گا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)شیخ محمد طاہر نے اسسٹنٹ کمشنر سر مد علی بھاگت کے ہمراہ پُرانی سبزی منڈی کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور سبزی و فروٹ کے معیار و نرخوں کا معائنہ کیا۔