حکومت فروغ تعلیم کیلئے سرگرم ہے:چودھری محمدشفیق

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یار خان (نعیم بشیر چوہدری سے)ایم پی اے و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چودھری محمدشفیق نے کہا کہ حکومت تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے ۔ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ان بچوں نے اپنی ذہانت سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول میں سائنس ٹیکنالوجی انجینئرنگ میتھ(STEM) کے مقابلہ میں پوزیشن ہولڈرز طلباء طالبات میں سرٹیفیکٹس اورشیلڈز تقسیم کرنے کی منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی ای اوسکینڈری کستوراجی شاد نے کہاکہ محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے طلباء وطالبات کی ذہنی اورتعلیمی قابلیت کو جانچنے کے لیے (STEM) کے تحت پورے ضلع میں بچوں کو مواقع فراہم کئے جس میں کم وبیش دو ہزار سے زائد بچوں نے حصہ لیا ویڈیو اورپریکٹیکل کے ذریعہ ان بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپوراستعمال کیا ۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض پرنسپل گورنمنٹ انگلش پبلک سکول میڈم راشدہ کامل نے سرانجام دیے۔ آخر میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات محمدشاہزیب گورنمنٹ ہائی سکول رحیم یارخان‘ذیشان اختر گورنمنٹ ہائرسیکنڈری سکول ماڑی اللہ بچایا‘مہرین شبیر گورنمنٹ گرلز انگلش پبلک سکول رحیم یارخان اور دانش علی گورنمنٹ کالونی ہائی سکول میں سرٹیفکیٹ اورشیلڈز تقسیم کی گئیں۔تقریب میں مینارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق ٹکٹ ہولڈر یدھسٹر چوہان کو حسن کارکردگی اورمینارٹی کے حقوق کے لیے کوششیں کرنے پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چودھری محمد شفیق نے شیلڈ دی۔ آخر میں مہمانوں کو ڈی ای او کستوراجی شاد نے شیلڈز تقسیم کیں جبکہ چودھری محمد شفیق نے کستورا جی شاد اورمیڈم راشدہ کامل کو انکی بہترین کارکردگی پر شیلڈز دیں۔