تحصیل ہسپتال خان پورمیں بروقت طبی امدادنہ ملنے پرخاتون جاں بحق،ورثا کا احتجاج

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یار خان (نعیم بشیر چوہدری سے) ڈاکٹروں کی جانب سے مبینہ طور پر بروقت طبی امداد نہ ملنے پر 35 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔خاتون شہناز کی بہن رضیہ بی بی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیوہ بہن کو عارضہ قلب کے باعث تحصیل خانپور ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایاگیا جہاں پر ڈاکٹرز نے مریضہ کوچیک کرنا بھی گوارا نہ کیا۔میں بہن کی طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹرز کو چیک کرانے کے لئے چیخ وپکار کرتی رہی لیکن ڈاکٹروں نے ہماری ایک نہ سنی۔اس موقع پر عینی شاہدین ڈاکٹروں کی غفلت پر ویڈیو بناتے رہے اور میں دہائیاں دیتی رہی لیکن ڈاکٹروں کی جانب سے بروقت طبی امداد نہ ملنے پر میری بہن جاں بحق ہوگئی۔ خاتون کی ہلاکت پر ہسپتال میں موجود دیگر مریضوں اور لواحقین نے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے خلاف احتجاج بھی کیا جس پر خود کو بچانے کے لیے ڈاکٹروں نے پولیس کو بلالیا۔ سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔