حادثات و سانحات کیلئے تمام ریسکیورزکو تیاررہنا چاہئے:ڈاکٹرعادل رحمان

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیر چوہدری سے)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرعادل رحمان کی زیرصدارت ضلعی ہیڈ کوارٹر میں ماہانہ دربار کا انعقادکیاگیاجس میں کنٹرول روم انچارج شہبازنادر‘اسٹیشن کوارڈی نیٹرشہزادہ محمد اقبال‘شفٹ انچارجزاور تینوں شفٹوں کے تمام ریسکیورز نے شرکت کی۔اس دربار میں تمام ریسکیورز سے گذشتہ ماہ کے بڑے حادثات اور پیش آنے والے مسائل کے بارے میں دریافت کیا گیا۔اسی طرح بڑے حادثات میں بروقت ریسپانس‘ایمرجنسی گاڑیوں کی ترسیل‘وائرلیس سسٹم کا استعمال‘وائرلیس سسٹم کی رینج‘گاڑیوں کی موجودہ صورتحال اورضرورت کے مطابق وسائل کی طلبی کے حوالے سے تفصیلات کا جائزہ لیاگیا۔ ریسکیو آپریشنز کے دوران کنٹرول روم کے ساتھ رابطے‘درکاروسائل کی فوری ترسیل‘بہترین شفٹ انچارج کا چناؤ‘حادثات پر ریسکیوڈرائیورز کی طرف سے میڈیکل وفائرسٹاف کی معاونت کی تفصیلی رپورٹ دیکھی گئی۔ہیڈ آفس کی طرف سے لانچ کی گئی نئی موبائل اور ڈیسک ٹاپ اپیلی کیشنزکے نفاذاور سٹاف کو اس کی تربیت و استعمال بارے دریافت کیا گیا۔ایک شہر سے دوسرے شہر مریضوں کی منتقلی کے دوران پیش آنے والی دشواریاں‘ ضروریات‘سروسز کی فراہمی کے دوران آنے والی مشکلات اور ان کا تدارک‘اسی طرح دیگر ضروری امور کو تفصیلی طورپر سُنا گیا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔تمام ریسکیورز کی پیشہ وارانہ تعلیمی قابلیت اور اپنے اپنے پیشہ کے متعلق معلومات کی جانچ کے لیے تحریری ٹیسٹ بھی لیاگیا۔ڈاکٹرعادل رحمن نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں پیش آنے والے حادثات و سانحات کے نوعیت کے لحاظ سے تمام ریسکیورزکو ذہنی طورپر تیاررہنا چاہیے۔