بغیراین اوسی کالونیوں کی تشہیرپرکارروائی کی ہدایت

Muhammad Dastagir 26 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیر چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں تما م حکومتی قواعد و ضوابط مکمل اور حتمی این او سی حاصل کئے بغیر کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر‘ تعمیرات‘ پلاٹس کی خرید و فروخت کرنے کے مجاز نہیں۔ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی خلاف ورزی کی مرتکب تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز مالکان کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام میونسپل اداروں کے بلڈنگ انسپکٹرز کو ہدایات جاری کی کہ وہ ایسی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کی نشاندہی کریں جوبغیر حتمی منظوری حاصل کئے ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر‘ تعمیرات اور پلاٹس کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں بصورت دیگر متعلقہ بلڈنگ انسپکٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمرشل سرگرمیوں کی منظوری کے لئے ضلعی انتظامیہ برق رفتاری سے تمام زیر التوا اور نئے کیسز نمٹا رہی ہے اور تمام محکموں کو واضح ہدایات ہیں کہ حکومتی قوانین پر پورا اترنے والے کیسز کے محکمانہ این او سی فوری جاری کئے جائیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے لئے آنے والی6درخواستوں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے دو پٹرول پمپس کی جرمانوں کے ساتھ مشروط منظوری جبکہ1پٹرول پمپ کو مزید جانچ پڑتال کے لئے موخر کر دیا اور اسی طرح دو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی ابتدائی منظوری دی گئی جبکہ تمام قواعد و ضوابط اور متعلقہ محکموں سے کلیئرنس حاصل کرنے والی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کو حتمی طور پر منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری کمیٹی قسور عباس نے منظوری کے لئے آنے والے درخواستوں پر محکمانہ اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔