رحیم یارخان سے مکمل فلائٹ آپریشن بحال کیاجائے:حاجی محمدابراہیم

Muhammad Dastagir 25 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیرچودھری سے)سابق مرکزی چیئرمین پاکستان کاٹن جنرزایسوسی ایشن معروف صنعتکار حاجی محمد ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی طرف سے شیخ زید انٹر نیشنل ایئر پورٹ رحیم یار خان سے ایک سال کے بعد دوبارہ فلائٹس آپریشن شروع کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔رحیم یار خان سے لاہور کراچی کی طرح اسلام آباد کے لئے بھی فلائٹس بحال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان صنعتی شہر ہے جہاں دو بڑی فرٹیلائزر کمپنیاں‘ٹیکسٹائل ملز‘شوگر ملز سمیت چھوٹی بڑی 270کے قریب صنعتی یونٹس موجود ہیں۔رحیم یار خان میں شیخ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کرونا کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بند ہونے سے تاجر برادری اور شہریوں کے لیے سفری سہولیات متاثر ہوئی‘اب جبکہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی طرف سے اعلان کے مطابق 8 مارچ سے ہر ہفتے میں دو فلائٹس کراچی سے رحیم یارخان اور رحیم یارخان سے کراچی کے لئے اڑان بھریں گی اور پی آئی اے انتظامیہ نے رحیم یارخان سے کراچی کے لئے 11000سے کرایہ کم کرکے 8862 روپے بھی کردیا ہے جس پر اہلیان رحیم یار خان اور تاجر برادری پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی مشکور ہے اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے چیئرمین سے درخواست کرتے ہیں کہ رحیم یار خان کی جغرافیائی اور صنعتی اہمیت کو دیکھتے ہوئے کراچی سے رحیم یار خان اور رحیم یار خان سے کراچی کیلئے ہفتہ میں تین فلائٹس اور اسلام آباد سے رحیم یار خان اور رحیم یار خان سے اسلام آباد کے لئے بھی فلائٹس بحال کریں۔