ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی راجن پورمیں کھلی کچہری،مسائل سنے

Muhammad Dastagir 25 Feb, 2021 علاقائی

راجن پور( کلیم برارسے )ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان حافظ احمد طارق نے اینٹی کرپشن آفس راجن پور میں کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی، رشوت، اختیارات کا ناجائز استعمال، سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کا مکمل خاتمہ اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کرنا میری اولین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کی شکایات سننے اور اس کے ازالے کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں انہوں نے ضلع راجن پور میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالشکور قیصرانی اور سرکل آفیسر غلام اصغر کی کارکردگی کو سراہا۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی اپنے اپنے خیا لات کا اظہار کیا اور محکمہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی کوسراہا۔ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان حافظ احمد طارق نے کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور چھان بین کے بعدان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راجن پور عبدالشکور قیصرانی،سرکل آفیسر اینٹی کرپشن راجن پور محمد اصغر کے علاوہ انجمن تاجران،علماءکرام ،میڈیا نمائندگان اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان حافظ احمد طارق نے شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔