شناختی کارڈتیاری،سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور ٹی ڈی ای اے/فافن کاآگاہی سیمینار

Muhammad Dastagir 25 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان (نعیم بشیر چودھری سے)سماج ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور ٹی ڈی ای اے/فافن کے اشتراک سے رحیم یار خان میں جاری پراجیکٹ ”لوکل ایکشن فار ڈیموکریٹک اینڈ انکلیوسو ریسپونس ٹو کووڈ 19“ کے تحت ضلع بھر کے 50 دیہات سے اٹھارہ سال سے زائد عمر کی 1700 خواتین کے کوائف جمع کئے گئے جو ابھی تک شناختی کارڈ کی سہولت حاصل نہیں کر سکی تھیں‘الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے اشتراک سے جاری اس ووٹر رجسٹریشن کمپین میں اب تک سات سو سے زائد خواتین کے شناختی کارڈ بنوائے گئے ہیں تاکہ وہ مستحق خواتین پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی طرف سے دی جانے والی مراعات اور مالی امداد سے مستفید ہو سکیں۔اس سلسلے میں ”ایڈووکیسی اینڈ اویئرنیس ایونٹ“ کا اہتمام کیا گیا جس میں سماجی حفاظت کے پروگرام چلانے والے سرکاری افسران‘ سماجی تنظیموں کے سربراہان اور شناختی کارڈ کی سہولت حاصل کرنے والی خواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کے شرکاء نے مستحق خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام‘پاکستان بیت المال‘ پنجاب بیت المال‘ ضلعی عشر زکواۃ کمیٹی اور دیگر نجی فلاحی اداروں سے مالی امداد کے پروگرام میں شمولیت کا طریقہ کار بتایا۔ پروگرام میں موجود خواتین نے فلاحی پروگرام میں شمولیت کے لئے مطلوبہ دستاویزات کے بارے میں سوالات کئے۔ پروگرام میں میاں آصف محمود اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا‘نذیر احمد الیکشن آفیسر رحیم یار خان‘ رانا رحمت اللہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے شرکاء کو اپنے اپنے ادارہ جاتی پروگرام کے متعلق آگاہ کیا اور سوالات کے جوابات دئیے۔ سماج ڈویلپمنٹ فاؤندیشن کی طرف سے میاں زبیر احمد اور مرزا اعجاز احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔