مسجد مکتب سکول سہولیات سے محروم،تارے زمیں پر

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیر سے)موضع ڈوڈی سانگھی بستی عبدالرحمن ڈوڈی میں پندرہ سال سے قائم مسجد مکتب سکول کو پرائمری کا درجہ نہ مل سکا۔اہل علاقہ کے مطابق دو کنال زمین بھی محکمہ کے نا م کر دی ہے مگر ابھی تک سکول کو پرائمری سکول کا درجہ نہیں مل سکا‘ سکول میں اس وقت زیر تعلیم 120طلبہ و طالبات ہیں جن کے لئے گورنمنٹ نے تین ٹیچر بھی تعینات کر رکھے مگر سہولیات نا پید ہیں‘ سہولیات نہ ہونے سے طلبہ زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جن کے لئے نہ تو کوئی عمارت ہے نہ سایہ دار درخت اور نہ ہی چھپرہیں‘ سخت سردی ہو یا گرمی بچے نیلی چھت کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ طلباء وطالبات نے احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی رحیم یار خان‘ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر رحیم یا رخان سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول کو پرائمری کا درجہ دے کر سکول میں سہولیات میسر کی جائیں تاکہ ہم بھی موسم کی سختیوں کے بغیر زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔