نئی نسل بچاؤ تحریک کانیٹ کیفوں کیخلاف کارروائی کامطالبہ

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 علاقائی

رحیم یارخان(نعیم بشیر سے) نئی نسل بچاؤ تحریک کی مرکزی شور یٰ کا اجلاس چوہدری عبدالجلیل بندیشہ کی میزبانی میں منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری ریاض احمد نوری نے کی۔ اجلاس میں عدلیہ کی طرف سے نیٹ کیفوں میں قائم کیبن سسٹم کو ختم کرنے اورضلعی انتظامیہ بالخصوص ڈی پی او اسد سرفراز اور ڈی ایس پی سٹی سرکل جاوید اختر جتوئی کی طرف سے اخلاق باختہ مواد دکھانے کے خلاف بھرپور ایکشن لینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور سیکورٹی اداروں کی طرف سے تعاون کرنے پر انھیں سراہا گیا اورمطالبہ کیا گیا کہ نوجوان نسل کے اخلاقی بگاڑ کا باعث بننے والے نیٹ کیفوں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالجلیل بندیشہ‘ نئی نسل بچاؤتحریک کے مرکزی کوآرڈی نیٹراویس قادر‘ چوہدری ریاض نوری‘ چوہدری خیام کاظم وڑائچ‘ سید قنبر شاہ ہمدانی‘ سید ساجد علی شاہ اور میاں عبدالمجیب ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیٹ کیفے بچوں کی زندگیاں تباہ کرنے کاباعث بن رہے ہیں۔ نیٹ کیفوں میں منشیات‘ سیگریٹ نوشی نوجوان نسل کے لئے زہرقاتل سے کم نہیں‘ نیٹ کیفے فحاشی اور عریانی کے اڈے بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے نوجوانوں نسل کے بہتر مستقبل کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی‘پورے شہر میں نیٹ کیفوں کے جال نے نوجوان نسل کی زندگی تبا ہ کر کے رکھ دی ہے‘ والدین اپنے بچوں کے مستقبل سے خاصے پریشان ہیں‘شہر میں چلنے والے نیٹ کیفے کیبن سسٹم نوجوان نسل کی زندگیاں تباہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں اور نو جوان نسل بے راہ روی کا شکار ہورہی ہے جسکی وجہ سے چھوٹے بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پیش ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں شوکت پہلوان‘ طاہر سعید‘ مرزا عمران سمیت دیگر شریک تھے۔