راجن پور،بغیر لائسنس میڈیکل سٹورز کیخلاف کارروائی کی ہدایت

Muhammad Dastagir 23 Feb, 2021 علاقائی

راجن پور( ملک کلیم برار) ڈپٹی کمشنر راجن پور احمر نائیک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر محبت علی کے علاوہ سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر محمد مزمل،امیر شاہد ڈرگز کنٹرولر راجن پور،ڈاکٹر خلیق انور ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر جام پور اور محمد بلال اشرف ڈرگز انسپکٹر تحصیل روجھان نے شرکت کی۔ اس موقع پر 28مختلف نوعیت کے کیس پیش کئے گئے۔جن کی مکمل سماعت کی گئی۔سماعت کے بعد 11کیسز کو ڈرگ کورٹ بھیجا گیا،معمولی نوعیت کے 7کیسز کو ورننگ دی گئی جبکہ10کو آئندہ سماعت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انسانی زندگی بچانے والی ادویات رکھنے والے میڈیکل سٹوز مالکان کا تجربہ کار اور لائسنس یافتہ ہونا ضروری ہے۔بغیر لائسنس اور غیر معیاری ادویات رکھنے والے کسی بھی رعائت کی مستحق نہیں۔ان عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تمام ڈرگز انسپکٹرز اپنی اپنی تحصیلوں میں ڈرگز کی کوالٹی اور معیار کو بہتر کریں۔