الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سسٹم پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ مکمل

Muhammad Dastagir 20 Feb, 2021 علاقائی

ملتان:پنجاب ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت الیکٹرانک میڈیکل ریکارڈ سسٹم پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ٹریننگ مکمل ہوگئی ہے اس حوالے سے ملتان کے نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں گزشتہ روز سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان اور سیکرٹری ہیلتھ ساوتھ پنجاب محمد اجمل بھٹی نے شرکت کی۔ای ایم آر اپلی کیشن پر لیڈی ہیلتھ ورکرزکی تربیت کا مقصد اہم بیماریوں کی تشخیص اور ان پر قابو پانے کے لیے ڈیٹا بیس بنانا ہے۔اب تک ای ایم آر اپلی کیشن پر 400 سے زائدلیڈی ہیلتھ ورکرز کو بہاولپور اور مظفر گڑھ میں تربیت دی جا چکی ہے۔ اب تک چھ گروپس کی تربیت ہو چکی، بہتر تربیتی عمل کیلئے ہر گروپ میں ذیادہ سے ذیادہ 40 افراد کو شامل کیا گیا۔سیکرٹری ہیلتھ کیئر محمد عثمان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہناتھاکہ ای ایم آر اپلی کیشن کی مدد سے لیڈی ہیلتھ ورکرز حاملہ خواتین، بچوں کی محفوظ پیدائش اوردودھ پلانے والی ماؤں کا جامع ڈیٹا بیس بنائیں گی۔ای ایم آر رجسٹریشن سے مستقبل کے اقدامات کی منصوبہ بندی کے لیے اعداد و شمار سے مدد لی جا سکے گی،تربیت مکمل ہونے کے بعد پہلے مرحلے میں مظفر گڑھ اور راجن پور سے ماں بچہ کی صحت کے حوالے مالی امداد کا سلسلہ بھی شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ای ایم آر ایپلی کیشن پنجاب ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کا حصہ ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے منتخب اضلاع میں غریب اور کمزور گھرانوں میں معیاری صحت کی خدمات دی جائیں گی۔