گرین ہوپ ویلفیئر انسانیت کی خدمت کیلئے ہماری چھوٹی سی کوشش ہے :حانیہ خان

urduwebnews 14 Oct, 2021 علاقائی

ملتان(اردو ویب نیوز)حضرت محمدؐ کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ اسوہ حسنہؐ کی پیروی ہماری زندگیاں روشن بنا سکتی ہے۔ ربیع الاوّل کے مہینے میں غربا، بے سہارا، یتیموں میں خوشیاں بانٹنا چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن گرین ہوپ ویلفیئر حانیہ خان نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی آمد کا جشن قلبی جوش، جذبہ و عقیدت سے منائیں گے۔ حضرت محمدؐ کی آمد سے کائنات کی ظلمت و تاریکیاں نورانیت میں تبدیل ہونے لگیں۔ انسانوں کو انسانیت کے صحیح اور حقیقی مفہوم سے عملی آشنائی ہونے لگی۔ ہر قسم کی خرافات اور بے بنیاد رسم و رواج کی بندشوں میں جکڑا ہوا انسان آزاد ہو کر اپنے مقاصد زندگی اور وجہ تخلیقات کو سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ خالص اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے جہاں تک ہو سکے ہمیں نفع بخش بننا چاہئے اور اپنی زندگی کو انسانیت کی بھلائی میں کسی نہ کسی جہت سے مصروف رکھنی چاہئے۔ اسلام نے اللہ اور اس کے رسول کی اتباع کیساتھ بندوں کی خدمت اور ان کے ساتھ ہمدردی کی بڑی تاکید فرمائی ہے۔ جو شخص کسی مسلمان کی نیوی پریشانیوں میں سے کوئی پریشانی دور کرے گا اللہ تعالیٰ اس سے آخرت کی پریشانیاں دور کرے گا اور جو کسی تنگ دست کے ساتھ آسانی کا معاملہ کرے گا اللہ تعالیٰ اس کیلئے دنیا و آخرت میں آسانیاں پیدا کرے گا۔ حانیہ خان نے کہا کہ ایک خدا ترس شخص کا مشہور واقعہ ہے کہ وہ حج کے ارادے سے نکلے وہ بغداد کی ایک دکان پر زادِ راہ خرید فرما رہے تھے کہ ایک بڑھیا کو کوڑے کے اوپر سے مردہ مرغی اٹھا کر اور چادر میں چھپا کر لے جاتے ہوئے دیکھا وہ بے قرار ہو گئے، اس کے پیچھے پیچھے اس کے گھر گئے اور دستک دی۔ بڑی بی سے اس کی وجہ پوچھی، وہ بولیں: اے مسافر! جا تُو میرا راز کیوں فاش کرتا ہے؟ میرے بچے تین وقت کے فاقہ سے نڈھال ہو چکے ہیں۔ اب ان کی زندگی بچانے کیلئے یہ مردہ مرغی اٹھا کر لائی ہوں۔ اُس خدا ترس انسان نے اپنے حج کا تمام سرمایہ نکال کر بڑھیا کے سپرد کر دیا اور اپنے ساتھیوں کے قافلہ سے نکل کر گھر چلے آئے۔ قافلہ والے جب حج کرکے لوٹے تو اُن صاحب سے ملنے آئے اور انہیں حج کی قبولیت کی مبارکباد پیش کی کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کا حج قبول کیا مبارک ہو۔ وہ حیران ہوئے کہ یہ لوگ مجھے مبارکباد کیوں دے رہے ہیں۔ میں تو بغیر حج کے واپس ہو گیا تھا۔ دراصل اللہ تعالیٰ نے ایک غریب شریف زادی کو فاقہ کی مصیبت سے نجات دلانے پر انہیں حج کے اجر سے نواز دیا تھا۔ حانیہ خان نے کہا کہ انسانیت کیلئے فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ گرین ہوپ ویلفیئر انسانیت کی خدمت کیلئے ہماری ایک چھوٹی سی کوشش ہے ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس کوشش میں کامیاب کرے اور قبول فرمائے کہ خالص اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔