ملتان میں غیرقانونی ویگن سٹینڈزکیخلاف آپریشن کافیصلہ

Muhammad Dastagir 19 Feb, 2021 علاقائی

ملتان}شہرکے مختلف پوائنٹس پر غیر قانونی ویگن سٹاپ قائم کرنے اور کمرشل گاڑیاں پارک کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس سلسلہ میں چئیرمین ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی و ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سیکرٹری آرٹی اے کو سخت کارروائی کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ غیر قانونی ویگن پوائنٹس قائم کرنیکی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے، ایسے غیر قانونی پوائنٹس سے چلنے والی ویگنوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے،عامر خٹک نے کہا کہ عدالت عالیہ کے فیصلے پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے، ڈیرہ اڈا سے شفٹ ہونے والے ویگن اسٹینڈز کو جی بی ایس میں دفاتر کے لئے جگہ فراہم کی جائے،جنرل بس اسٹینڈ میں موجود سہولیات میں اضافہ کیا جائے اورجنرل بس اسٹینڈ کی تزئین و آرائش کی جائے،سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں مختلف مقامات سے ویگن چلانے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے،گزشتہ روز پرانا شجاع آباد روڈ سے14 گاڑیوں کو تھانے میں بند کر دیا گیا،ڈیرا اڈا سے ختم کئے گئے اسٹینڈ کو جی بی ایس میں دفاترقائم کرنے کے لئے جگہ کا انتخاب کر لیا گیا ہے،انہوں نے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ86 ایکڑ وسیع رقبے پر محیط ہے،بس اسٹینڈ میں47 ٹرمینل قائم کئے گئے ہیں،ان ٹرمینلز سے بیک وقت 150 گاڑیاں چل سکتی ہیں اور3ہزار مسافر سفر کرسکتے ہیں جب کہ جنرل بس اسٹینڈ کی سہولیات کو اپ گریڈ بھی کیا جارہا ہے۔