ملتان میں قبضہ مافیاسرگرم،غیرقانونی تعمیرات جاری

Muhammad Dastagir 15 Feb, 2021 علاقائی

ملتان:قاسم بیلہ سے گارڈن ٹاون والی دو رویہ سٹرک پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات میں تیزی سے اضافہ ہوگیا ہے،ذرائع کے مطابق ایم ڈی اے کے بلڈنگ انسپکٹرز نے زرعی اراضی مالکان سے ملی بھگت کرکے دکانوں کی تعمیر کی اجازت دے دی ہے جس سے عوام کی آمدو رفت کیلئے بنائی جانیوالی سٹرک تنگ ہونا شروع ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے قاسم بیلہ سے گارڈن ٹاون جانیوالی دو رویہ سٹرک تعمیر کی گئی ہے ، مذکورہ سٹرک پر فٹ پاتھ کی تعمیر کیلئے جگہ چھوڑی گئی ہے لیکن قبضہ مافیا نے فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے تجاوزات کی تعمیر شروع کر رکھی ہے جبکہ دوسری طرف زرعی اراضی مالکان نے ایم ڈی اے کے بلڈنگ انسپکٹرز سے ملی بھگت کرکے بغیر نقشہ اور سیٹ بیک چھوڑے غیر قانونی کمرشل عمارتوں کی تعمیر شروع کرر کھی ہے، جس سے آئندہ چند سالوں میں تعمیر کی جانیوالی سٹرک کے مقاصد ختم ہو جائیں گے، سماجی حلقوں اور شہریوں نے کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات اور باغوں کی کٹائی کو روکا جائے اور تعمیر کی جانیوالی عمارتوں کو گرانے کا حکم دی جائے۔