”جگرذراڈبکی لگا“واسامیں بھرتی کیلئے ٹیسٹ لینے کی ہدایت

Muhammad Dastagir 15 Feb, 2021 علاقائی

ملتان:واسا میں "ڈبکی" ٹیسٹ لئے بغیر ڈیلی ویجز پر نا تجربہ کار اور سفارشی سیور مین بھرتی کرنے کا نوٹس لے لیا ہے، تمام امیدواروں کا "ڈبکی" ٹیسٹ لینے کی ہدایت کر دی - تفصیلات کے مطابق محکمہ واسا میں چند روز قبل 120 سیور مین بھرتی کئے گئے تھے ، جس میں قواعد کو نظر انداز کرتے ہوئے تمام امیدواروں کا ڈبکی ٹیسٹ نہیں لیا گیا تھا - جبکہ واسا ملازمین نے اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اپنے قریبی عزیزوں کو بھرتی کروا لیا تھا - دوسری جانب ایم ڈی اے کی گورننگ باڈی سے 150 سیورمینوں کو مستقل بنیادوں پر بھرتی کرنے کی منظوری بھی لے لی گئی تھی - گزشتہ روز سیورمینوں کی بھرتی میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کا نوٹس لیتے ہوئے ایم ڈی واسا ناصر اقبال نے اظہار برہمی کیا اور ڈائریکٹر ورکس کو ہدایت کی کہ تمام 120 امیدواروں کا ڈبکی ٹیسٹ لیا جائے - جس پر واسا انتظامیہ نے آج بروز پیر واٹر ورکس حسن پروانہ میں دوپہر 2 بجے امیدواروں کا ٹیسٹ لینے کا شیڈول جاری کر دیا ہے - واسا انتظامیہ کی جانب سے تشکیل کردہ پانچ رکنی کمیٹی ٹیسٹ لے گی - کمیٹی میں ملک محمد عارف عباس ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژن ، محمد ساجد ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ڈویژن نارتھ ، حافظ محمد وقاص ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ڈویژن سنٹرل ، غلام مجتبٰی ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج ڈویژنساؤتھ اور آصف فرانسس اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیوریج سب ڈویژن حسن پروانہ شامل ہیں۔