ملتان،بازاروں میں آج سے رینجرزتعینات

urduwebnews 28 Apr, 2021 علاقائی

ملتان(اردوویب نیوز)کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سمارٹ لاک ڈاون بارے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ ہدایات زوم لنک کے ذریعے منعقدہ ہنگامی میٹنگ میں جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح روکنے کے لئے سخت فیصلے ناگزیر ہو گئے ہیں۔نشتر ہسپتال کے80 وینٹی لیٹرز میں سے75 زیراستعمال ہیں جبکہ کورونا وارڈز کے278 بیڈز میں 250 پر مریض زیرعلاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے کسی ہنگامی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا اسی لئے ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کے لئے پاک فوج اور رینجرز کی مدد طلب کر لی ہے۔پاک فوج،رینجرز، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران پرمشتمل روزانہ فلیگ مارچ ہو گا اور کورونا ایس او پیز پر سختی عملدرآمد کرانے کے لئے مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں آج سے پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے تعینات کئے جائیں گے جبکہ سحری،افطاری اور دن کے اوقات میں فورسز کے مشترکہ دستے مارکیٹوں کا گشت کریں گے،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شام چھ بجے کے بعد تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔صرف پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز اور کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔انہوں۔نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع ملتان میں جمعہ اور ہفتے کے روز مکمل لاک ڈاون ہو گا۔ان دو ایام میں بھی صرف پولٹری، سبزی کی دکانیں،میڈیکل سٹور اور کورونا ویکسی نیشن سنٹرز کھلے رہیں گے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ہدایت کی رمضان بازاروں، احساس کفالت سنٹرز، اراضی ریکارڈ سنٹرز اور بسوں اور ویگنوں میں ایس او پیز پر عمل کرایا جائے،کورونا ویکسی نیشن سنٹرز میں ایس او پیز پر عملدرآمد بارے انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور مدارس میں بھی کورونا ایس او پیز پر عمل کرایا جائے گا اور اس بارے علماء اور تاجر برادری کو اعتماد میں لیا جائے گا۔علی شہزاد نے کہا کہ حکومت کو شہریوں کی صحت اور جان بہت عزیز ہے،اور اس کی حفاظت کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاون کیا جائے گا۔