وزیراعظم اور وزیرداخلہ سانحہ لاہور کے ذمہ دار ہیں،امیر احمد اعوان

Muhammad Dastagir 19 Apr, 2021 علاقائی

ملتان (اردو ویب نیوز) وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ مظاہروں میں شریک درجنوں افراد کی شہادت اور سینکڑوں افراد کو زخمی کرانے کے ذمہ دار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پاکستان فلاح پارٹی امیر احمد اعوان ایڈووکیٹ ہائیکورٹ نے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کا امن اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کی بھینٹ چڑھا دیا ہے جس سے معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے۔ سینکڑوں متاثرہ خاندان کبھی بھی اپنے پیاروں کے قتل عام میں ملوث حکومتی جماعت کے بھیانک کردار کو فراموش نہیں کر پائیں گے۔ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر متاثرین کے دکھوں کا مداوا ممکن نہیں ۔ برسرِ اقتدار ٹولہ عوام میں آ کر اپنی مقبولیت کا تجربہ حاصل کر سکتا ہے ۔ مرکزی رہنماامیر احمد اعوان نے کہا کہ سربراہ پاکستان فلاح پارٹی امانت علی زیب معاملہ کے مثبت حل کیلئے میدان عمل میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کارکنان پاکستان فلاح پارٹی کو ہدایت کی کہ آج مذہبی جماعتوں کی ملک گیر ہڑتال کے موقع پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پرامن احتجاج ریکارڈ کروائیں ۔