مظفرگڑھ میں بھی غلط آپریشن،خاتون سمیت 4مریضوں کی آنکھ ضائع

Muhammad Dastagir 13 Apr, 2021 علاقائی

مظفرگڑھ( راناامجدعلی امجدسے)روہیلانوالی کے نجی ہسپتال شان لطیف سرجیکل میں آنکھوں کے ناکام آپریشن سے دونوں ٹانگوں سے محروم خاتون سمیت چار مریضوں کی ایک ایک آنکھ ضائع ہونے کا انکشاف ہواہے۔ انصاف ہیلتھ کارڈ سے مفت آپریشن مہنگا پڑ گیا، مریضوں اور لواحقین کی رو رو کر دہائی تفصیل کے مطابق روہیلانوالی میں قائم نجی ہسپتال شان لطیف سرجیکل ہسپتال میں کچھ روز قبل آنکھوں کے ڈاکٹر حبیب الرحمٰن سے آنکھوں کا آپریشن کرانے کیلئے غریب خواتین و مرد خادم حسین سکنہ مانکا بھٹہ، حیات مائی سکنہ حسن پورترنڈ،بیوہ ممو مائی سکنہ حسن پور ترنڈ اور دو ٹانگوں سے معذور کلثوم مائی سکنہ آلودیوالی سمیت دیگر آئے اور انصاف ہیلتھ کارڈ سے مفت آپریشن کرایا مگر ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، لاپروائی کیوجہ سے آپریشن کے چند روز بعد مذکورہ مریضوں کی آنکھیں ٹھیک ہونے کی بجائے بینائی ختم ہو گئی جس پر مریضوں نے پریشانی کے عالم میں آئی اسپیشلسٹ دیگر پروفیسر ڈاکٹروں سے چیک اپ کرایا جہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے غلط آپریشن کیوجہ سے انکی زندگی بھر کیلئے آنکھیں ضائع ہو چکی ہیں جس پر مریض اور لواحقین نے شورمچایا مگر شان لطیف سرجیکل ہسپتال کے عملہ نے ان کی ایک بھی نہ سنی اور انہیں ہسپتال سے بھگا دیا متاثرہ مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ انتہائی غریب ہیں اور انصاف ہیلتھ کارڈ کے ذریعے تجویز کردہ ہسپتال میں اپنی آنکھوں کا مفت آپریشن کرایا مگر ہسپتال کی نااہل انتظامیہ اور ڈاکٹر کی غفلت کے باعث وہ اپنی بینائی ہمیشہ کیلئے کھو چکی ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ہیلتھ کیئر کمیشن پنجاب سے فوری نوٹس لیکر انکا علاج معالجہ کرانے اور آنکھوں کی بینائی دوبارہ لانے سمیت نجی ہسپتال کو سیل کرنے اور ملوث کرداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی اپیل کی ہے ۔دریں اثناء ہسپتال کے مالک ڈاکٹر لطیف خان بھٹہ سے جب موقف لینے کیلئے ان کے نمبر پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کچھ دیر بعد موقف دیں گے اور کچھ دیر بعد انہیں دوبارہ کال کی گئی تو انہوں نے فون اٹینڈ کرنے کی بجائے فون بند کردیا۔