واسا ملتان،رمضان میں 4بار پانی فراہم

Muhammad Dastagir 10 Apr, 2021 علاقائی

ملتان(اردو ویب نیوز)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سروسز کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ واسا کے زیر انتظام 65 واٹر فلٹر یشن پلاننٹس کی خصوصی صفائی کے ساتھ ساتھ فلٹرز کی تبدیلی اور مینٹیننس کا عمل جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے شہر بھر میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ مہم کو موثر بنانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس اور ممتازآباد کے قریب عارف آباد میں سیوریج لائن کے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان،ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی عبدالسلام ودیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس دوران منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ واسا شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کی فراہمی کے لیے 24 گھنٹے سرگرم ہے ۔شہر میں کورونا کی وبا کے باعث پانی کا استعمال بڑھ گیا ہے تاہم واسا نے رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر 102 ٹیوب ویلوں اور 65 واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کے ذریعے سحر اور افطار کے اوقات سمیت 4 مرتبہ شہریوں کو فراہمی آب کی بلا تعطل سہولت فراہم کرنے کا پلان مرتب کر لیا ہے جبکہ نکاسی آب کے نظام کو بھی فعال رکھنے کے لیے دن رات سیوریج لائنوں کی خصوصی صفائی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال نے واسا کے ملازمین کی بلا خوف اور بے لوث خدمات کی تعریف کی انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے ذمہ واسا واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں اور پانی احتیاط اور کفایت شعاری سے استعمال کریں۔