ملتان:انصاف سستی موبائل شاپس میں مزید 20 گاڑیوں کا اضافہ

Muhammad Dastagir 08 Apr, 2021 علاقائی

ملتان(اردوویب نیوز )انصاف سستی موبائل شاپس میں مزید 20 گاڑیوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے گزشتہ روز 20 سستی موبائل شاپس کو سبزی و فروٹ منڈی سے مختلف رہائشی آبادیوں کے لئے روانہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اکرم چاون بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے عام دکانداروں اور سستی موبائل شاپس کو جاری کی گئی ریٹ لسٹ کا موازنہ کیا اور پھل اور سبزی کی کوالٹی کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سستی موبائل شاپس کی تعداد میں روزانہ20 گاڑیوں کا اضافہ کیا جارہا ہے اور ماہ رمضان سے قبل شہر میں 100 سستی موبائل شاپس کا ٹارگٹ پورا کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سستی موبائل شاپس کو منڈی کے ریٹ پر پھل اور سبزیاں فراہم کی جارہی ہیں۔عام دکانوں کے مقابلے میں سستی موبائل شاپس پر پھل اور سبزیاں 2 روپے سے7 روپے فی کلو ارزاں ہیں۔سستی موبائل شاپس کو سبز رنگ کی ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے۔کوئی بھی شہری ریٹ لسٹ کا موازنہ کرکے نرخوں کا تقابلی جائزہ لے سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے موبائل شاپس مالکان سے بھی گفتگو کی اور ایمانداری سے کاروبار کرنے کی تلقین کی۔علی شہزاد نے کہا کہ سستی موبائل شاپس مالکان ماہ رمضان میں جائز منافع کے ساتھ ساتھ ثواب بھی کما سکیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو تمام موبائل شاپس کو اعلیٰ کوالٹی کی سبزیاں اور پھل فراہم کرنیکی ہدایت بھی کی۔