رحیم یارخان،تجاوزات،غیرقانونی کالونیوں کیخلاف کریک ڈائون کاحکم

Muhammad Dastagir 07 Apr, 2021 علاقائی

رحیم یار خان (نعیم بشیر چوہدری سے)ضلع بھر میں تجاوزات اور غیر منظورہ شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیزکے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن‘ شہریوں کو بہترین میونسپل سر وسز کی فراہمی‘ بلدیاتی اداروں کی استعداد کار‘ مشینری اور آمدن میں اضافہ ترجیحات میں سر فہرست ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اہم فیصلےکیے گئے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد سمیت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شیخ محمد طاہر‘چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور بلدیاتی ادار وں کے افسران موجود تھے۔سیکرٹری بلدیات جنوبی پنجاب سیکرٹر یٹ محمد الطاف بلوچ نے کہا کہ عوام کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ تمام بلدیاتی محکمے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ عملہ اور مشینری کی کمی کو مرحلہ وار مکمل کیا جا رہا ہے تاہم بلدیاتی ادارے دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ تجاوزات کے فروغ اور اس میں معاونت کرنے والے افسران و اہلکار وں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بلدیاتی محکموں کے افسران اور انفورسمنٹ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ناجائز تجاوزات کے خلاف اپریشن کا آغاز کیا جائے۔انہوں نے پلاننگ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ ضلع میں کسی صورت منظوری اور سرکاری فیسوں کی ادائیگی کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹیز یا عمارتیں تعمیر نہیں ہونی چاہیے بصورت دیگر متعلقہ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز جواب دہ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی محکموں کی آمدن میں اضافہ کے لئے ٹیکس کلیکشن نظام کو بہتر کیا جائے اور اس سلسلہ میں تمام افسران اپنی سفارشات فراہم کریں تاکہ ٹیکس نظام میں بہتری لاتے ہوئے آمدن میں اضافہ کیا جا سکے۔انہوں نے تمام میونسپل اداروں کی انفرادی اور اجتماعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔