ملتان میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی،ایم ڈی واسانے مانیٹرنگ تیزکردی

Muhammad Dastagir 07 Apr, 2021 علاقائی

ملتان (اردوویب نیوز)منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے منصوبوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے شمس آباد میں 36 انچ سائزکی لائن کی تبدیلی کے کام کا معائنہ کیا اور موقع پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ۔شمس آباد میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے باعث پیش آنے والے مسائل کا بھی ایم ڈی واسا نے تفصیلی جائزہ لیا۔ سیوریج اور واٹر سپلائی کے افسران کو عارضی ریلیف کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔اس دوران انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیاکہ 36 انچ سائز کی کل 3250 فٹ لائن کی تبدیلی کے منصوبے کے تحت 2350 فٹ سے زیادہ نئی سیوریج لائن ڈالی جا چکی ہے اور جس جگہ پر سیوریج لائن تبدیلی کا کام مکمل ہوچکا ہے وہاں پر سیوریج سسٹم کو باقاعدہ آپریشنل بھی کر دیا گیا ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نواب پور روڈ سیوریج منصوبے کا بھی جائزہ لیا ۔پی ٹی آئی کے سٹی صدر ملک عدنان ڈوگر اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا مشتاق احمد خان بھی ہمراہ تھے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نواب پور روڈ سیورج منصوبے کے تحت تحت کل 14 ہزار فٹ نئی سیوریج لائن ڈالی جائے گی اور اب تک 54 انچ اور 48 انچ سائزکی 5000 فٹ سے زیادہ نئی لائن ڈالی جا چکی ہے جبکہ ساتھ ساتھ نئی واٹر سپلائی لائن ڈالنے اور مین ہولز کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ بوسیدہ سیوریج لائن کی تبدیلی کے معائنہ کے دوران انہوں نے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کا نوٹس لیا اور فوری طور پر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کنٹریکٹر کو روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ پائپ نصب کرنے اور پائپ لگنے والے مقامات پر کنکشن آپریشنل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔