وزیر اعظم واضح اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لیں گے: فردوس عاشق

Muhammad Dastagir 05 Mar, 2021 ملکی

اسلام آباد،لاہور:معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جب جب مخالفین نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کی کوشش کی کپتان ڈٹ کر پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ سامنے آیا اور میدان مارا۔ پیسے کے زور پر سینیٹ کی ایک سیٹ جیتنے والا کرپٹ ٹولہ تحریک عدم اعتماد سے وزیراعظم کو بلیک میل کرنا چاہتا تھا۔کپتان نے حقیقی جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خود اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعظم واضح اکثریت سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ ہوس اقتدار سے آزاد، سچا، نڈر اور بہادر لیڈر روایتی کرپٹ سیاستدانوں کو کسی طور قبول نہیں لیکن تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں خدمت کے مقصد کے ساتھ اپنا مشن جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس اور اپنے ٹویٹر پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور تمام ادارے ہمارے لئے محترم ہیں لیکن اگر کوئی ادارہ آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی مکمل ادائیگی میں ہچکچاہٹ برتے تو بطور ذمہ دار ریاست اور شہری اسکی نشاندہی ہمارا فرض ہے۔ جنرل الیکشن ہو یا سینیٹ انتخابات آخر کیا وجہ ہے کہ الیکشن کمیشن آج تک کوئی ایسا نظام نہیں بنا سکا جو تمام جماعتوں کیلئے قابل قبول ہو؟ تحریک انصاف حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انتخابی عمل سے متعلق ریفارمز بھی کی جائیں گی تاکہ آئندہ کسی بھی جماعت یا امیدوار کو الیکشن کمیشن پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے۔