وزیراعظم کا اعتمادکاووٹ لینےکااعلان دلیرانہ اقدام ہے:عثمان بزدار

Muhammad Dastagir 04 Mar, 2021 ملکی

لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کااعلان جرات مند لیڈر کا دلیرانہ اقدام ہے -وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مافیا کے خلاف جہاد کررہی ہے -وزیراعظم عمران خان جیسے سچے اور کھرے لیڈر کے سامنے ضمیر کے سوداگروں کی کوئی حیثیت نہیں -اسلام آباد سینیٹ الیکشن میں ووٹ کو جعلی عزت دینے کے دعویداروں نے سر عام ووٹ کی تذلیل کی اوریہ ووٹ نہیں نوٹ کی جیت ہوئی ہے -اسلام آباد سینیٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا،اس پرہرجمہوریت پسند شرمندہ ہے - پی ڈی ایم نے بولیاں لگا کر جمہوری اقدار کا جنازہ نکالا -پیسے کا گھناؤنا کھیل کھیل کراخلاقی، سیاسی اور جمہوری روایات کو پامال کیا گیا -ضمیروں کا سودا کرنے والوں نے ہر جمہوری اصول کو پاؤں تلے روندا -یہ عبدالحفیظ شیخ کی نہیں بلکہ جمہوری سوچ رکھنے والے ہر سیاستدان کی ہار ہے-منڈیاں لگا کر الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے والوں نے اپنے سینے پر بد ترین داغ سجایا- وزیراعظم عمران خان کے سینیٹ الیکشن کے بارے میں تحفظات سچ ثابت ہوئے -