سابق ڈی جی آئی ایس آئی اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

Muhammad Dastagir 04 Mar, 2021 ملکی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ وفاق دارالحکومت میں عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اسد درانی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کو پیش ہونے کی ہدایت کی جبکہ اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ عدالت میں موجود تھے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ اسد درانی کا نام، انکوائری زیر التوا ہونے کی وجہ سے ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا، (تاہم) سارا ریکارڈ دیکھا اس وقت اسد درانی کے خلاف کوئی انکوائری زیر التوا نہیں، نہ کوئی گراؤنڈ ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہر عام شہری کی طرح ان کے تھری اسٹار جنرل (ر) کے بھی حقوق ہیں، ساتھ ہی عدالت نے استفسار کیا کہ کوئی گراؤنڈ بتائیں، اگر نہیں ہے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ ان کا نام ای سی ایل میں رکھا جائے۔