جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کریں گے،صوبائی وزیر خزانہ

Muhammad Dastagir 01 Mar, 2021 ملکی

رحیم یارخان(نعیم بشیر چوہدری سے) سابق وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری نعیم شفیق اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں شفیع محمد نے صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت سے لاہور میں ملاقات کی‘ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہاکہ صوبہ کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں‘ تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام کروائے جارہے ہیں‘ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کریں گے، انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ کو مثالی بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا ویژن عوام دوست ہے اور عوام دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر ریکارڈ کام کروائے جارہے ہیں۔ قبل ازیں چوہدری نعیم شفیق نے کہاکہ ٹاؤن کمیٹی کوٹسمابہ اور ترنڈہ سوائے خان کی آبادی میں اضافہ ہو رہاہے لہٰذا دونوں ٹاؤن کمیٹیز بحال کی جائیں اور دیگر ترقیاتی کام کروائے جائیں جس پر مخدوم ہاشم جواں بخت نے جلد ٹاؤن کمیٹیز بحال کرانے کی یقین دہانی کرائی۔