کوروناٹیسٹ:پاکستان کا 30 ممالک کی فہرست میں 29 واں نمبر

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 ملکی

اسلام آباد:پاکستان میں کووڈ 19 کے کیسز میں کمی کا سلسلہ دیکھا جارہا ہے۔دوسری طرف ایک ویب سائٹ نے ملک کو ان 30 ممالک کی فہرست میں 29 ویں نمبر پر رکھا ہے جنہوں نے فی ملین آبادی (پی ایم پی) میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے۔انگریزی اخبارڈان کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان کووڈ 19 ویکسین کے لیے پہلی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے جارہا ہے جہاں مختلف ویکسینز کے پرنسپل انویسٹی گیٹنگ آفیسرز اپنے ریسرچ پیپرز (تحقیقی مقالے) شیئر کریں گے۔مزید یہ کہ ایک اور پیش رفت یہ ہوئی کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13 ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے 5 ڈپارٹمنٹس کو سیل کردیا گیا۔ادھر عالمی اعداد و شمار مرتب کرنے والی ویب سائٹ www.worldometers.info کے مطابق پاکستان نے فی ملین آبادی میں 39 ہزار 136 ٹیسٹ کیے جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا واحد ملک تھا جس نے اس سے کم 38 ہزار 135 ٹیسٹ فی ملین آبادی میں کیے۔پاکستان کے مقابلے اگر بھارت کو دیکھیں تو اس نے تقریباً 4 گنا زیادہ ٹیسٹ ایک لاکھ 52 ہزار 821 فی ملین آبادی میں کیے، مزید یہ کہ ترکی نے 3 لاکھ 81 ہزار 953 ٹیسٹ، ایران ایک لالکھ 26 ہزار 687 اور عراق نے ایک لاکھ 62 ہزار 756 ٹیسٹ کیے۔اسی طرح متحدہ عرب امارات جو سب سے زیادہ کورونا کیسز کے حساب سے 49 ویں نمبر پر ہے وہاں 29 لاکھ 78 ہزار 906 ٹیسٹ جبکہ 58 ویں نمبر پر ہونے کے باجود ڈینمارک میں 27 لاکھ 84 ہزار 399 ٹیسٹ فی ملین آبادی ٹیسٹ کیے گئے۔