پرویز الہٰی ریسکیو 1122 کو ریسکیوکرنے میدان میں آگئے

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 ملکی

لاہور:سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی ریسکیو 1122 کو خود مختار بنانے اور ملازمین کو ریگولرائز کرانے کیلئے میدان میں آ گئے۔چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ ریسکیو 1122 جیسے شاندار کارکردگی کے حامل ادارے کو خود مختار نہ بنا کر اس کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کی رکن خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب ایمرجنسی سروس کا ترمیمی بل ایوان میں پیش کیا تو تمام ارکان اسمبلی نے اس بل کی تائید کی۔سپیکر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اس محکمے کے بل کو 2004ء میں ہماری حکومت نے ہی پاس کروایا تھا جس کی اب تک کی کارکردگی نہایت شاندار رہی ہے جس کی ناصرف اندرون ملک بلکہ یو این او نے بھی تعریف کی اور اس کی کارکردگی کو سراہا، لیکن پھر بھی اگر اس ادارے کو خود مختار اور اس کے اہلکاروں کو ریگولرائز نہیں کیا گیا تو یہ نہایت افسوسناک بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے اس ادارے نے بلا تفریق امیر وغریب کے آج تک 90 لاکھ سے زائد مریضوں کو ریسکیو کر کے ان کی جانیں بچائیں۔ آگ کے واقعات میں ایک لاکھ 55 ہزار جائیدادیں جن کی مالیت 400 ارب روپے ہے بروقت ریسپونڈ کر کے ان کا تحفظ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر چیف منسٹر انسپکشن ٹیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو خود مختار بنایا جا سکتا ہے تو کیا امر مانع ہے کہ اس ادارے کو ابھی تک خود مختار نہیں بنایا گیا؟ اس ادارے کو کبھی شہری دفاع کے ساتھ منسلک کر دیا جاتا ہے تو کبھی کسی اور ادارے کے ساتھ جو اس محکمے اور اس کے اہلکاروں کے ساتھ زیادتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر اس محکمے کو وہ سٹیٹس نہ دیا گیا جو اس کو دینا چاہیے تھا تو میں ان تمام لوگوں کی فہرست سامنے لاؤں گا جو اس ادارے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔وزیر قانون راجہ بشارت نے یقین دہانی کروائی کہ اس ادارے کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں، حکومت اس کے مسودہ قانون میں ترمیم کیلئے کام کر رہی ہے اور انشاء اللہ جمعرات تک وہ اس ہاؤس کے سامنے وہ تمام سفارشات پیش کریں گے جو آپ نے بیان کی ہیں، اس میں کسی بھی قسم کا کوئی فرق نہیں ہو گا۔