رحیم یار خان میں مندر پر حملہ،وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

urduwebnews 05 Aug, 2021 ملکی

اسلام آباد،رحیم یار خان(اردو ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے کا نوٹس لے لیا۔ سوشل میڈیا پر رحیم یار خان میں واقع مندر پر حملے کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، رپورٹس کے مطابق مندر پر حملے کا واقعہ رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لاٹھیوں سے مسلح افراد مندر میں توڑ پھوڑ کر رہے ہیں اور نعرے بھی لگا رہے ہیں۔ ممبر قومی اسمبلی رمیش کمار نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دو درجن سے زائد افراد نے سدھی ونایک مندر پر ہلہ بولا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔