ڈیرہ بس حادثہ،متوفیوں کے ورثا کیلئے 8 لاکھ،زخمیوں کو 3 لاکھ روپے امداد

urduwebnews 19 Jul, 2021 ملکی

راجن پور (کلیم برار سے) سیالکوٹ سے راجن پور آنے والی مسافر بس کے ڈیرہ غازی خان میں المناک حادثہ پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر راجن پور احمر نائیک ،ڈی پی او راجن پور فیصل گلزار ،ایم پی ایز سردار اویس خان دریشک اور سردار فاروق امان اللہ خان دریشک نے کوٹلہ میں تین سگے بھائیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اورلواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا، ڈپٹی کمشنر راجن پور کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پروفات پانے والوں کی تدفین اور آخری رسومات کا انتظام ضلعی انتظامیہ کررہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی جانب سے بس حادثہ میں وفات پانے والے افراد کےلئے 8،8لاکھ روپے جبکہ زخمی افراد کے لئے 3،3لاکھ روپے کی امداد دی جا رہی ہے۔ ڈی پی او راجن پور فیصل گلزار نے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔اللہ پاک وفات پانے والے افراد کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے ۔ایم پی اے سردار اویس خان دریشک اور سردار فاروق امان اللہ خان دریشک نے کہا ہے کہ زیادہ تر وفات پانے والے بس مسافر مزدور تھے اور عید منانے گھر آ رہے تھے اور مسافر بس حادثہ میں وفات پانے والے زیادہ تر افراد کا تعلق بھی ضلع راجن پور سے ہے۔