گھوٹکی کے قریب 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم سے 36 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

ilyas shakoori 07 Jun, 2021 ملکی

اردوویب نیوز(ویب ڈیسک) پیر کی علی الصبح گھوٹکی کے قریب ریتی اور ڈھرکی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس جب کہ راولپنڈی سے کراچی آنے والی سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم سے کئی بوگیاں اتر گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 36 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ملت ایکسپریس میں سوار تھے جبکہ سرسید ایکسپریس کے زیادہ مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی میرپور ماتھیلو عمر طفیل کا کہنا ہے کہ حادثے میں 7 بوگیاں متاثر ہوئی ہیں جن میں 3 بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 6 سے 8 بوگیاں ایک دوسرے میں پھنسی ہوئی ہیں، ان بوگیوں میں متعدد مسافر تاحال پھنسے ہوئے ہیں۔ جنہیں نکالنے کے لیے بوگیوں کو کاٹا جارہا ہے جب کہ مقامی ریسکیو رضاکار کے علاوہ رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں اور بھاری مشینری تاحال حادثے کی جگہ پر نہیں پہنچی، معمولی زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں اپنی مدد آپ کے تحت منتقل کیا جارہا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو سکھر اور رحیم یار خان منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔