پنجاب: آبیانہ کا سو سالہ پرانا نظام ختم، ای سسٹم شروع

Muhammad Dastagir 21 Apr, 2021 ملکی

لاہور(اردوویب نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرصوبے کے کاشتکاروں کو سہولت دینے کیلئے جدید ای آبیانہ نظام متعارف کرا دیا گیاہے۔ 90 شاہراہ قائداعظم پر ای آبیانہ بلنگ سسٹم متعارف کرانے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاشتکاروں سے آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم رائج ہونے سے آبیانہ کے ایک صدی پرانے نظام کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 4 پائلٹ کینال ڈویژنز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ میں ای آبیانہ نظام کا اجراء کیا گیا ہے اوراس نظام کو بتدریج پورے صوبے میں متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 100 سالہ آبیانہ کے پرانے نظام کی جگہ کاشتکاروں کو آبیانہ کا کمپیوٹرائزڈ بل جاری کیاجائے گا۔ کاشتکاروں کو ای آبیانہ نظام کے تحت بے پناہ سہولت ملے گی۔ای نظام کے تحت آبیانہ کی شفاف وصولی کے بعد اسے بروقت سرکاری خزانے میں جمع کرایا جا سکے گا۔جدید کمپیوٹرائزڈ ڈ یٹا بیس سے کسانوں کو پرانے نظام کی خامیوں سے نجات ملے گی اور نئے نظام کے تحت کسانو ں کو پرچی پر آبیانہ نہیں دیا جائے گابلکہ کاشتکاروں کو مکمل بل دیاجائے گا جس پر کسان اور رقبہ سے متعلق تفصیلات شامل ہوں گی۔ آبیانہ کی ادائیگی قریبی بینکوں، ایزی پیسہ، اے ٹی ایم، جاز کیش یا ای پے موبائل ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جدید نظام سے کسانوں کے استحصال کا خاتمہ ہوگا۔ ای آبیانہ نظام کی بدولت بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے گا اور اس نظام سے نہری نظام کی دیکھ بھال میں مالی معاونت ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ای آبیانہ کے بل کاشتکاروں کو دیئے۔ای آبیانہ نظام پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کیاگیاہے۔وفاقی وزیرغلام سرور خان، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔